بھٹکل:23؍ مئی (ایس اؤ نیوز)بھٹکل تعلقہ میں روزانہ کورونا کےمریضوں میں اضافے کو روکنے کے لئے تعلقہ انتظامیہ مختلف انتظامات کررہی ہے۔ اسی کے تحت کورونا سے متاثرین کو علاج کے لئے شہر کے سرکاری اسپتال کے سامنے شری دیوراج ارس پسماندہ طبقات لڑکیوں کے ہاسٹل کو کووڈ کئیر سنٹر میں منتقل کیاگیا ہے۔
تعلقہ میں ابھی تک کورونا پوری طرح کنڑول میں تھا لیکن دن گزرنے کے ساتھ ہی کورونا کے مریضوں میں لگاتار اضافہ ہورہاہے۔ اس تعلق سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے بتایا کہ کورونا میں مبتلا مریضوں کو اور آکسیجن کی ضرورت والوں کو اور جن میں کوروناکی علامتیں ظاہر ہوئی ہیں انہیں تعلقہ کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا جارہاہے۔ مگر جن لوگوں کو کورونا پوزیٹیو آرہا ہے لیکن کورونا کی کم علامتیں پائی جاتی ہیں اور انہیں اسپتال میں ہی رکھ کر ہی علاج کیا جانا چاہئے تو ان کے لئے تعلقہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں کووڈ کئیر سنٹر میں داخل کرتےہوئے علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ کئیر سنٹر جمعہ سے اپنا کام شروع کرچکاہے جہاں فی الوقت 40بیڈوں کا انتظام کیاگیا ہے۔ اگر ضرورت محسوس ہوتی ہے تو بیڈوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
شرالی کے تٹی ہکل میں کووڈ کئیر سنٹر:مقامی لوگوں کا اعتراض :اترکنڑا ضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرشنا مورتی کے نے ہدایت جاری کرتےہوئے کہاہےکہ تعلقہ کے شرالی پنچایت حدود کے تٹی ہکل مضاف میں سائیکلون سنٹر کو کووڈ کئیر سنٹر میں منتقل کریں۔ جس کے تحت تعلقہ انتظامیہ تیاری میں جٹی ہوئی ہے۔ لیکن شرالی گرام پنچایت صدر، نائب صدر سمیت مقامی عوام نے سخت اعتراض جتاتے ہوئے کووڈ کئیر سنٹر کی مخالفت کی ہے۔ مخالفین کا کہنا ہےکہ جہاں سینٹر بنایاجارہاہے ، وہ عوامی چہل پہل کا علاقہ ہے۔ سامنے ہی کھیل کا میدان ہے،اگر کووڈ سے متاثرین کو متعلقہ سینٹر میں رکھا جاتاہے تو کورونا اطراف کے دیہاتوں میں بھی پھیلنے کا خدشہ ہے۔
حالات کو دیکھتے ہوئے تعلقہ انتظامیہ کے افسران نے فوری طورپر جائے وقوع پر پہنچ کر عوام کو سمجھاتےہوئے مطمئن کرنےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ خیال رہےکہ شرالی کو کنٹئین منٹ زون قرار دیاگیا ہے۔ شرالی کے کووڈ سنٹر میں 50بیڈوں کا انتظام ہونے کی جانکاری دی گئی ہے۔